حکومت 13 کے بجائے 11 اگست کو ہی اسمبلیاں تحلیل کرسکتی ہے‘ رانا ثنا 

Jul 11, 2023


اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ )وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے وقت سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اشارہ دےدیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنا اللّٰہ نے کہا حکومت 13 کے بجائے 11 اگست کو ہی اسمبلیاں تحلیل کرسکتی ہے۔انہوں نے دبئی میں نواز شریف، مریم نواز، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی ملاقات پر کہا جب کچھ ہوا ہی نہیں تو کچھ معلوم ہونے یا نہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دبئی میں ہوا ہی کچھ نہیں، معمول کی میٹنگ ہوئی ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی دبئی ملاقات شیڈولڈ میٹنگ نہیں تھی۔ انہوں نے کہا عدم اعتماد کی کامیابی کے وقت بھی ن لیگ کا موقف تھا الیکشن میں جانا چاہیے، ن لیگ کلیئر ہے وقت پر اسمبلی تحلیل اور الیکشن ہونا چاہیے۔ رانا ثنا اللّٰہ نے یہ بھی کہا مدت پوری ہونے سے پہلے اسمبلی ختم ہو تو 90 دن میں الیکشن ہونے ہیں، ضروری نہیں الیکشن90 دن بعد ہی ہوں، 64 دن بعد بھی ہوسکتے ہیں، ہم نے معاملات کو آئینی تقاضوں کے مطابق مینج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا یہ کہتا رہا گرفتاری ریڈ لائن ہوگی پھر عوام نکلیں گے، جن کی ذہن سازی کی گئی تھی وہ 9 مئی کو نکلے عوام نہیں نکلے تھے۔وزیر داخلہ نے کہا جو سرکشی کرتا ہے کامیاب ہو تو اس کا ورنہ مخالف کا فائدہ ہوتا ہے، ان کی خام خیالی تھی لاکھوں عوام باہر نکلیں گے اور یہ قابض ہوجائیں گے۔ 9 مئی کو عوام نہیں نکلے چند سو شرپسند تھے، جو دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہوئے، ان شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے سزائیں ہوں گی۔ ثبوت موجود ہیں اس فتنے نے 9 مئی کی صورتحال کو پیدا کیا، منصوبہ ساز شخص اس میں براہ راست ملوث ہے، جو آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتا ہے تو مقدمہ ملٹری کورٹ میں چلے گا۔
 رانا ثنا 

مزیدخبریں