اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے سروسز انٹرنیشنل لاہور اورہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کاعمل آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے نجکار ی و چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین بھیو، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، چیئرمین آر آر ایم سی اشفاق یوسف تولہ، وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری کے حوالے سے سمری پیش کی گئی اور اس کی نجکاری کے عمل سے متعلق کمیٹی کوآگاہ کیاگیا۔کمیٹی نے تفصیلی بحث کے بعد نجکاری کمیشن کو اےس آئی اےچ خر یدار کے نام پر منتقلی کے عمل کی تکمیل کے ساتھ سودے میں پیشرفت کی اجازت دیدی۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے ہاو¿س بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کے بارے میں سمری بھی پیش کی گئی جو ایک ہی (پری کوالیفائیڈ) بولی دہندہ پرمشتمل تھی ۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے پرائیویٹائزیشن کمیشن کو ایچ بی ایف سی ایل کی نجکاری کے لئے واحد پری کوالیفائیڈ سرمایہ کار پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی لمیٹڈ (پی ایم آر سی ایل) کے ساتھ لین دین کوآگے بڑھانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے کمیشن کے مالی سال 24۔2023 کے بجٹ تخمینے سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد 1248.8 ملین بجٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ کی نجکاری سے متعلق سمری بھی پیش کی گئی، کمیٹی نے تفصیلی بحث کے بعد دونوں سمریوں کو موخر کر دیا اورسیکرٹری نجکاری کمیشن، سیکرٹری قانون و انصاف اور سیکرٹری صنعت و پیداوار کو باہمی مشاورت کرنے اور دونوں صورتوں میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی کو روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے عمل کی صورتحال سے بھی آگاہ کیاگیا۔ کمیٹی نے وزارت ہوابازی سے مشاورت کے بعد روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کرانے کی ہدایت کے ساتھ سمری کو موخر کر دیا۔
ہدایت
کابینہ کمیٹی نجکاری کی سروسز انٹرنیشنل،ہاﺅس بلڈنگ فنانس کی نجکاری آگے بڑھانے کی ہدایت
Jul 11, 2023