بھارتی فورسز کا حریت کانفرنس کی تقریب پر حملہ ،50 افراد گرفتار 

Jul 11, 2023


سرینگر (کے پی آئی ) بھارتی فورسز نے سری نگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی ایک تقریب پر حملہ کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر اور ممتاز مذہبی رہنما مولانا مسرور عباس انصاری سمیت کم از کم 50 حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے اتوار کے روزسرینگر کے ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا اورمسرور عباس انصاری کے علاوہ پولیس نے پروفیسر محمد علی، جہانگیر احمد بٹ، شبیر احمد ڈار، سید رحمن شمس، فردوس احمد شاہ، محمد رفیق پہلو اور محمد یاسین بٹ کو بھی گرفتار کر کے کو کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے حریت کارکنان اور دیگر عید ملن پاٹی میں موجود تھے کہ ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔خطہ متارکہ کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر منائیں گے۔13جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی۔ 13 جولائی 1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خطہ متارکہ کے دونوں جانب اس موقع پر خصوصی تقریبات بھی ہوں گی۔13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے سری نگر کی سینٹرل جیل کے باہر 22 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔جبکہ بھارتی فوج کے دو جوان مقبوضہ پونچھ میں سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق جموں و کشمیر کے پونچھ میں شدید بارش کی وجہ سے اچانک سیلاب میں بہہ جانے والے دو فوجیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔لائن آف کنٹرول کے قریب بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔ بھارتی فوج کے اہلکار کیرنی سیکٹر میں گشت پر تھے۔دوسری جانب ٹریفک کے حادثے میں تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ پونچھ ضلع میں مغل روڈ پر ایک کار سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرنے سے تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ کار میں چار افراد سوار تھے اور کار شوپیاں سے سورنکوٹ کی طرف جا رہی تھی۔
کشمیر

مزیدخبریں