سویڈن، قرآن پاک کی بے حرمتی کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ

Jul 11, 2023


سٹاک ہوم(این این آئی)سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مظاہرے میں مختلف ممالک سے ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی اور بے حرمتی کرنے والے شخص کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مانچسٹر میں بھی احتجاج کیا گیا۔واضح رہے کہ سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم کی ایک مسجد کے باہر عیدالاضحی کے روز قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف اس وقت دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور مختلف ممالک میں احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ اس ذلت آمیز فعل کی مکمل مذمت کرتا ہوں، کسی بھی سانحے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سوئیڈن میں اس ذلت آمیز حرکت کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتے، مذہبی کتابوں کو نذرِ آتش کرنا اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانا سنگین ہے۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری توجہ اور مشترکہ کوششیں کرے۔اپنے مذمتی بیان میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے یہ بھی کہا کہ مذہبی رواداری، نفرت اور پر تشدد کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
اسرائیلی صدر مذمت +احتجاجی مظاہرہ 

مزیدخبریں