لاہور ( خصوصی نامہ نگار )تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ قرآن روشنی اور ہدایت کا ذریعہ ہے اس کی تعلیمات کا شعور اجاگر کرنا افضل ترین عبادت اور اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت اور خوشنودی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے نظامت ایجوکیشنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کی طرف سے منڈی بہاؤ االدین میں 10روزہ ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز کی کامیاب تکمیل پر ڈائریکٹر محمد سعید رضا بغدادی اور ان کی ٹیم کے جملہ سکالرز کو مبارکباد دی اور کہاکہ 10روزہ ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز سے مستفید ہونے والے جب تک قرآن مجید کی تلاوت کرتے رہیں گے اس کا اجر و ثواب پڑھانے والوں کو ملتا رہے گا۔اختتامی تقریب سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور،ڈاکٹر فرح ناز،حافظ سعید رضا بغدادی،علامہ محمود مسعود،علامہ سرفراز قادری نے اظہار خیال کیا۔خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ منہاج القرآن قرآن کی ترویج و اشاعت اور اس کے فروغ کی عالمگیر تحریک ہے۔