لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں صفائی کا یکساں نظام رائج کرنے کا کام مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کر لیا جائے۔ اجلاس میں صفائی کا نظام آئوٹ سورس کرنے کے عمل میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے بھی شرکت کی۔ ذیشان رفیق نے کہا وزیراعلی مریم نواز پنجاب میں دیرپا اور اعلی معیار کا صفائی کا نظام چاہتی ہیں۔ اس نظام کو عملی شکل دینے کیلئے وزیراعلی نے جو ڈیڈلائن مقرر کی ہے اس میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ لہٰذا ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ماڈل پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ہم دعوے نہیں کرنا چاہتے لیکن عوام کو خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔