فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) لاہور کے علاقے نشتر کالونی سے لاپتہ بزرگ پبلشر کی نعش فیصل آباد سے برآمد۔ نشتر کالونی کے رہائشی اور بک ہوم لاہور کے مالک رانا عبد الرحمان دو روز قبل گھر سے نکلے اور پھر اُن کا اہل خانہ سے رابطہ نہیں ہوا۔ اہل خانہ نے تلاش کرنے کی کوشش کی اور پولیس میں تحریری درخواست جمع کرائی۔ بیٹے عاطف کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔ بیٹے نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ رانا عبد الرحمان کا گھر سے نکلنے کے بعد فون بند ہوا اور پھر کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ فیصل آباد پولیس نے اطلاع دی کہ فیصل آباد سے ایک نعش برآمد ہوئی جس کی شناخت رانا عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق بزرگ پبلشر رانا عبد الرحمان کی نعش تھانہ ستیانہ بنگلہ کے علاقہ میں نہر سے برآمد ہوئی جسے ہسپتال منتقل کیا گیا توشناخت رانا عبدالرحمان کے نام سے ہوئی۔ اہل خانہ نے رانا عبد الرحمان کو شناخت کرلیا۔ پولیس نے شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔