لاہور(نیوز رپورٹر) تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو خون عطیہ کرنے کیلئے پی آئی ٹی بی ایچ آر ونگ کے زیراہتمام ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اشتراک سے ارفع ٹاور میں 2 روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پی آئی ٹی بی اور ارفع ٹاور سٹاف نے خون کے عطیات دیئے جبکہ بلڈ ڈونرز کے مفت سکریننگ ٹیسٹ بھی کئے گئے۔ پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے اپنے پیغام میں کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو خون عطیہ کرنا چاہیے تاکہ تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کا علاج ممکن ہو سکے۔ کیمپ کے انعقاد پر ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی جانب سے پی آئی ٹی بی آرگنائزرز کو اعزازی سرٹیفکیٹس بھی دئیے گئے۔