آزاد کشمیر: فنڈ کون دے گا؟‘ سابق وزیراعظم نے بجلی  3   روپے یونٹ کی مخالفت کر دی

مظفرآباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے عوام کو3 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی دینے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے حکومت کو مستقبل کے سنگین نتائج سے آگاہ کر دیا۔ شہباز شریف بتائیں عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر جو اعلان کیا مستقبل میں اس کے پیسے کون دے گا؟۔ 3 روپے یونٹ بجلی کے لئے ایک مرتبہ فنڈ دیئے گئے ہیں اس کے بعد کیا ہو گا۔ اگر اسی طرح3 روپے یونٹ کے حساب سے بجلی فروخت کی تو دو سال کے بعد آزاد کشمیرکے پاس تنخواہوں کے لئے بھی پیسے نہیں ہوں گے۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اداروں کا کام معلومات فراہم کرنا ہے، فیصلے کرنا حکومت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے تین لوگ شہید ہونے کے باوجود لاشیں اٹھا کر احتجاج نہیں کیا۔ ہم اس خطے کو بین لاقوامی سازشوں کا حصہ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر کی حکومت عملی طور پر بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے بعد بجلی 12 روپے یونٹ کرنے پر سب تیار تھے مگر پھر کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ آزاد کشمیر سے پاکستان کی فوج نکل جائے تو کون آپ کا دفاع کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن