نیلم،مظفرآباد(نامہ نگاران +نوائے وقت رپورٹ) نیلم ویلی شاہراہ دیولیاں کے مقام پر جیپ حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جیپ گہری کھائی میں گرنے سے ڈرائیور سمیت 14 افراد موقع پر دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 4 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔پولیس پنجگراں کا بتانا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ کردی گئیں جبکہ حادثے کی زد میں ا?کر مقامی افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ریسکیو کی جانب سے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو نکال رہے ہیں۔نیلم ویلی شاہراہ دیولیاں کے مقام پر وادی نیلم کے علاقے لبات بالا سے مظفرآباد جانے والی مسافر جیپ نمبر این ڈبلیو ایف پی 9667گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔صدر پاکستان و وزیراعظم پاکستان ،سپیکر قومی اسمبلی ،چیئرمین سینیٹ ،وزیراعلی پنجاب ،وزیر داخلہ ،صدر ریاست اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے جیپ کے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔جاں بحق افراد کا تعلق گاؤں لوات بالا سے تھا۔میتیں آبائی گاؤں روانہ کردی گئیں۔