پاکستان امریکہ کی مسلح افواج کی دہشتگردی کے خلاف مشترکہ مشقیں ختم 

Jul 11, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان اور امریکہ کی مسلح افواج کی دہشتگردی کے خلاف مشترکہ مشقیں اختتام پذیر ہو گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک امریکہ مشترکہ انفنٹری رائفل کمپنی مشق– 2024ء کی اختتامی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم سنٹر، پبی میں منعقد ہوئی۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان "انفنٹری رائفل کمپنی ایکسرسائز - 2024"ء پہلی بار انسداد دہشت گردی کے شعبے میں منعقد کی گئی ہے۔ دو ہفتے طویل مشقیں 29 جون 2024ء کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم سینٹر (NCTC)، پبی میں شروع ہوئیں۔ دونوں پیشہ ور افواج سے ہر ایک کمپنی نے کارکردگی اور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 17 ڈویژن نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ امریکی فوج کے 34 انفنٹری ڈویژن کے کمانڈنگ جنرل میجر جنرل چارلس جی کیمپر نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں ممالک کے دستوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیارات کا مظاہرہ کیا۔ انفنٹری رائفل کمپنی ایکسچینج کا مقصد مشقوں کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے علاوہ مشترکہ طور پر انسداد دہشت گردی کے تجربات سے استفادہ تھا جو دونوں ممالک کو درپیش دائمی دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری تھا۔

مزیدخبریں