اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے آبادی کے قریب سٹون کرشنگ کو انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سٹون کرشنگ پلانٹس کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آبادی کے قریب پاور سٹون کرشرز انسانی جان کے لیے خطرہ ہیں، آبادی کے قریب پاور سٹون کرشرز کو دوسری جگہ شفٹ کریں۔ کرشنگ کا بڑا سنجیدہ ایشو ہے، ہمارے سامنے کیس تین سٹون کرشرز کا ہے، ایسے سینکڑوں پاور کرشرز ہیں جو آبادی کے قریب ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ انڈسٹری کو بند نہیں کرنا چاہتے لیکن انسانی جانوں کا معاملہ اہم ہے۔ کل سٹون کرشرز کے وکیل نہ آئے تو کمشن رپورٹ پر فیصلہ کر دیں گے۔