اسلام آباد/ لاہور/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ (آئی این پی+خبرنگار+نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں مون سون جاری ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بٹ گرام اور مظفرآباد ‘ پشاور، اٹک، صوابی، ہری پور، شانگلہ، اٹک میں بادل جم کر برسے۔ کراچی کے مختلف شہروں میںتیز بارش ہوئی۔ سرجانی ٹائون میں کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے 2 افراد دم توڑ گئے، گلشن معمار میں سائن بورڈ کے نیچے آکر ایک شخص زخمی ہوا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی غائب رہی کیونکہ کے الیکٹرک کے 150سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔علاوہ ازیں ننگر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لاہور کے علاقہ محمود بوٹی میں بارش کے پانی میں کرنٹ آجانے سے 4گائے‘ ایک بھینس اور 2کتے ہلاک ہوگئے۔ علاقہ مکینوں نے جانوروں کی ہلاکت کا ذمہ دار انتظامیہ کو ٹھہرایا ہے۔محکمہ موسمیات نے پنجاب میں 15 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کر دی جبکہ آج سے 15جولائی کے دوران کے پی اور جی بی جبکہ 12سے 14جولائی کے دوران بلوچستان میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزخیبرپی کے اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی پنجاب اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی لیکن ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
مون سون بارشیں:کرنٹ لگنے،آسمانی بجلی گرنے سے4 افرادجاں بحق
Jul 11, 2024