آئی ایم ایف سے نئے پروگرام پر بات جاری، مقصد معاشی اصلاحات آگے بڑھانا: وزیر خزانہ

Jul 11, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف سے مزید قرض کے لیے جاری مذاکرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارے کے نئے پروگرام کا مقصد معاشی اصلاحات کا ایجنڈا آگے بڑھانا ہے۔ وزارت خزانہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ریٹنگ ایجنسی سٹینڈرڈ اینڈ پورز کے وفد نے ملاقات کی ہے، جن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کے قرض پروگرام کی تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے نئے وسط مدتی قرض پروگرام کے لیے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 9.4 ارب ڈالر ہیں اور سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی مضبوط ہے، جون 2024ء میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 12.6 فیصد کی سطح پر آ گئی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر 7.7 فیصد بڑھیں۔ پاکستان میں ٹیکس بیسں میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا رہی ہے۔ ملاقات کے دوران توانائی شعبے میں اصلاحات اور سرکاری اداروں کی نجکاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور  گلوبل ریٹنگ ایجنسی کے وفد نے اقتصادی اشاریوں میں بہتری کو سراہا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن  کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے چاول کی بمپر پیداوار اور چاول کی برآمد میں ان کے کردار کو سراہا۔ علاوہ ازیں  وفاقی وزیر خزانہ کی صدارت میں پاکستان سنگل ونڈو کی گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا۔

مزیدخبریں