190 ملین پاؤنڈ کیس: رقم کے کاغذات بند لفافے میں پیش کئے گئے، پرویز خٹک

Jul 11, 2024

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بیان عدالت میں ریکارڈ کرا دیا۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی۔ ریفرنس کے گواہ سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ پرویز خٹک کا اپنے بیان میں کہنا تھا نیب نے مئی 2023 میں مجھ سے 190ملین پاؤنڈ کے حوالے سے بیان لیا۔ شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستان سے غیر قانونی طور  پر باہر بھجوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، شہزاد اکبر نے بتایا کہ پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی۔ یہ معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر نہیں تھا، میٹنگ میں اضافی ایجنڈے کے طور  پر سامنے لایا گیا، اضافی ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا تھا، کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے، اضافی ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا ریفرنس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایجنڈے کے ساتھ ایک تحریر بھی تھی۔ سماعت میں ایک گواہ پر جرح مکمل اور ایک گواہ کا بیان قلمبند ہوا۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں