لاہور‘ کراچی‘ راولپنڈی(کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ایف بی آر اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے کہ ملک بھر کی فلور ملز میں ہڑتال کے باعث آج سے فلور ملیںغیرمعینہ مدت کیلئے بند رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ود ہولڈنگ ایجنٹ بننے سے انکار کرتے ہیں۔ پنجاب کے چیئرمین افتخار احمد مٹو کے مطابق حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق آج 11جولائی سے فلور ملز گندم کی واشنگ بند کر دیں گی، 12جولائی کو گندم کی پسائی بند کر دی جائے گی، 13جولائی کو آٹے کی نقل و حمل مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے آٹا مزید مہنگا ہوجائے گا۔ ہمیں ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ کسی صورت قبول نہیں۔ اسی طرح ضلع گوجرانوالہ کی 73فلور ملز میں آج مکمل تالابندی ہوگی۔ حکومت 10کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے میں فروخت کرنے پر مجبور کررہی ہے‘ فکس ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ دوسری جانب راولپنڈی میں بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے، ٹیکسسز کی بھرمار اور مہنگائی کے خلاف تاجروں نے راولپنڈی کے فوارہ چوک پر احتجاج کیا اور آئی پی پیز معاہدے فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ مرکزی تنظیم تاجران پنجاب کے صدر شرجیل میر کی قیادت میں راجہ بازار سمیت دیگر بازاروں کے تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بجلی سستی اور بلوں میں لگائے گئے ٹیکسز واپس لینے اور اشرافیہ کو دی گئی مراعات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اور حکومت کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔ تاجروں نے مطالبات منظور نہ ہونے پر احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ احتجاج کے باعث فوارہ چوک سے ہملٹن روڈ جانب جانے والے راستے پر ٹریفک معطل رہی۔ شرجیل میر کا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے، بجلی کا فی یونٹ 10 روپے میں دیا جائے اور 300 یونٹ 2 ماہ کے لیے فری دیا جائے۔
فلور ملز کی آج سے ہڑتال، آٹا مہنگا ہونے کا امکان
Jul 11, 2024