امریکی جاسوس طیاروں نے آج علی الصبح تحصیل دتہ خیل کے علاقے مائیزر مداخیل میں ایک گھرپردومیزائل داغے، جس کے نتیجے میں چارافراد جاں بحق اورکئی زخمی ہوگئے، حملے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ، مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، گھرکا ملبہ ہٹانے کا کام تاحال جاری ہے جس میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون طیاروں کا گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا میزائل حملہ ہے ، اس سے قبل تحصیل میرعلی کے گاؤں خدی میں امریکی جاسوس طیاروں نے مشتبہ طالبان کے گھروں پرمیزائل فائر کیے جس میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے ۔