طرابلس (اے ایف پی) قذافی کی فوجوں کی مصراتہ میں بمباری سے 20 افراد جاں بحق 80 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ نیٹو کے طرابلس کے نواحی علاقوں تاجورا اور عین زارا میں فضائی حملے کے بعد 3 دھماکے سنے گئے۔ دوسری طرف امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ قذافی کی فوجوں کےخلاف نیٹو کی فضائی جنگ خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کی طرف سے یہ انتباہ لیبیا میں قذافی مخالف باغیوں کو عالمی برادری کی طرف سے امدادی فنڈز کی فراہمی کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردگان نے ملک چھوڑنے کی صورت میں لیبیا کے صدر معمر قدافی کو تحفظ کی گارنٹی دیدی۔ تاہم معمر قدافی کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ عالمی طاقتوں نے لیبیا کے منجمد کئے گئے فنڈ قومی عبوری باغی کونسل کو فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام کے مطابق لیبیا عبوری باغی کونسل کو 300 ملین ڈالر کے فنڈ جاری کئے جائیں گے۔ جن میں قطر کی طرف سے 100 ملین جبکہ کویت کی طرف سے 180 ملین ڈالر رہنے کا وعدہ کیا گیا ہے جبکہ سفارتی سطح پر امریکہ، آسٹریلیا اور سپین نے لیبیا کی قومی عبوری باغی کونسل کو لیبیا کی عوام کا حقیقی نمائندہ تسلیم کر لیاہے۔