لندن ( آن لائن) ممبر آف برطانوی پارلیمنٹ جان ہیمنگ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد انصاف پر مبنی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے بریڈ فورڈ سے سری نگر جانے والے کانوائے سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ سیز فائر لائن دیوار برلن کی طرح ختم ہونی چاہئے اس کی وجہ سے خاندانوں کی تقسیم کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ ساٹھ سال سے جو لوگ آپس میں نہیں مل سکے وہ اپنے خاندانوں کے ساتھ ملاقات کریں گے اور مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر محمد غالب کی قیادت زیر کشمیر انفارمیشن سنٹر کے چیئرمین خواجہ محمد سلیمان اور برمنگھم سٹی کونسل کے سابق کونسلر راجہ شوکت خان وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جان ہیمنگ نے مزید کہا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کے لئے مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف توجہ دینا ہو گی۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں حل طلب ہے۔ بھارت اور پاکستان عالمی معاہدوں کے پابند ہیں اور خطے میں امن قائم کرنے سے دونوں ممالک کو حالت ساز گار بنانے ہوں گے تاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات بحال ہو سکیں اور دونوں ملکوںکے عوام کو اپنے مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکے۔ خواجہ محمد سلیمان نے ممبر آف پارلیمنٹ جان ہیمنگ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ کشمیر کاز کی حمایت کی اور ستمبر میں سری نگر جانے والے کانوائے کی حمایت کرنا کشمیریوں کی جدوجہد کو تقویت پہنچانے کے مترادف ہے۔ سابق کونسلر راجہ شوکت خان نے کہا کہ بھارت ہٹ دھرمی کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر کے حل میں کوئی پیش رفت نہیں کر رہا ہے۔