”جیا خان“ کی خودکشی، ممبئی پولیس نے آدیتہ پنچولی کے بیٹے کو گرفتار کر لیا

”جیا خان“ کی خودکشی، ممبئی پولیس نے آدیتہ پنچولی کے بیٹے کو گرفتار کر لیا

ممبئی (نیٹ نیوز) ممبئی پولیس نے اداکارہ جیا خان کی خودکشی کے حوالے سے مرحومہ کا آخری خط ملنے کے بعد اس کے بوائے فرینڈ اور اداکار آدیتہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کو خودکشی کی وجہ بننے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ جوہو پولیس سٹیشن کے انچارج انسپکٹر ارون بھگت جنہوں نے سورج پنچولی کو حراست میں لے لیا، صحافیوں کو بتایا کہ ملزم کو انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 305 کے تحت گرفتار کیا گیا اور اسے آج اندھیری کے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ سورج پنچولی کی گرفتاری کے وقت اس کے والد آدیتہ پنچولی خاصے پریشان نظر آئے اور صحافیوں سے الجھتے رہے، وہ اپنے بیٹے کے ساتھ پولیس سٹیشن گئے۔ واضح رہے دو روز قبل اداکارہ جیا خان کی والدہ رابعہ نے میڈیا کے سامنے جیا کا خودکشی سے قبل لکھا گیا 6 صفحات پر مبنی خط پیش کیا تھا جس میں جیا خان نے لکھا ہے کہ وہ سورج سے شدید محبت کرتی تھی مگر اس نے اس کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی اور اسے ریپ کا نشانہ بنا ڈالا۔ جیا کے مطابق وہ اس حرکت سے ٹوٹ کر رہ گئی۔ اس نے اسقاط حمل کرا لیا مگر سورج نے ہر لمحہ ہرجائی پن کا مظاہرہ کیا اس لئے وہ دنیا چھوڑ کر جا رہی ہے کیونکہ اس کا فلمی کیرئر تباہ اور سورج کے بغیر جینا بیکار ہو چکا ہے۔ ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق جیا کی والدہ رابعہ خان نے یہ خط جوہو پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد سورج پنچولی کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ای پیپر دی نیشن