برمنگھم (نوائے وقت رپورٹ + بی بی سی ڈاٹ کام) انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جا رہی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 67 رنز سے شکست دیدی ہے۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 235 رنز کا ہدف دیا تھا ہے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پینتالیسویں اوور میں 167 رنز بنا سکی۔ اس شکست کے بعد پاکستان کے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔ پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے نہ صرف بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی بلکہ یہ امید بھی رکھنی ہوگی ویسٹ انڈیز اپنے بقیہ دونوں میچ جیت لے۔ پیر کو برمنگھم کے ایجبسٹن گراو¿نڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو ہاشم آملہ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 234 رنز بنائے۔ ہاشم آملہ نے 9 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے اور ان کے علاوہ ابراہم ڈویلیئرز 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، محمد عرفان، سعید اجمل، جنید خان اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا جبکہ جنوبی افریقہ کے چار کھلاڑی رن آو¿ٹ ہوئے۔ جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور سات کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی کپتان مصباح الحق اور ناصر جمشید کے علاوہ کوئی بھی جم کر نہ کھیل سکا۔ کپتان مصباح الحق نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری بنائی۔ وہ 55 جبکہ ناصر جمشید 42 رنز بنا کر سوٹسوبے کی گیندوں پر آو¿ٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے میکلیرن نے چار، سوٹسوبے اور کرس مورس نے دو، دو جبکہ ڈومینی نے ایک وکٹ لی۔ ہدف بہت آسان تھا لیکن کھلاڑیوں کی غیر ذمہ داری نے اسے ہمالیہ بنا لیا۔ مصباح الحق کا کہنا ہے شکست کے ذمہ دار بیٹسمین ہیں جنہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ہاشم آملہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بیٹنگ ناکام‘ جنوبی افریقہ با آسانی جیت گیا‘ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم
Jun 11, 2013