جمرود: نیٹو کنٹینرز پر راکٹوں سے حملہ‘ فائرنگ‘ آگ لگنے سے 6 افراد زندہ جل گئے

Jun 11, 2013

خیبر ایجنسی (ایجنسیاں) جمرود شاہ گئی میں شدت پسندوں کے نیٹو ٹرالرز پر حملے کے دوران عملے کے چھ اہلکار زندہ جل گئے جبکہ شدت پسند حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حملے کے دوران ایک ٹرالر کے عملے کے دو ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ جمرود جہانگےر اعظم وزیر کے مطابق دو درجن سے زائد شدت پسند جو کہ خاصہ دار فورس کی وردی میں تھے اور انہوں نے جمرود کے علاقہ شاہ گئی پر افغانستان کو جانے والے ٹرالروں جن پر نیٹو فورسز کی گاڑیاں موجود تھی کو روکا اور ان پر پہلے فائرنگ کر دی جس کے بعد گاڑی پر پٹرول ڈال دےا اور اس اثناءمیں پہاڑی علاقے سے راکٹ کے ذریعے حملہ کر کے فائر کیا جس سے ٹرالروں نے آگ پکڑ لی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے ٹرالروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے ٹرالروں، گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ٹرالروں میں آگ لگنے سے ان میں موجود عملے کے ارکان ٹرالروں میں ہی زندہ جل گئے جبکہ دو ٹرالروں سے عملے کی چار جھلسی ہوئی لاشوں کو نکالا گےا جس کو بعدازاں سول ہسپتال جمرود منتقل کر دیا گےا جبکہ TLN708 میں موجود عملے کے دو ارکان جو کہ زندہ جل کر راکھ ہو گئے تھے ان کی پہچان مشکل تھی جبکہ ان کے صرف اعضاءباقی رہ گئے تھے۔ حملے کے دوران ایک ٹرالر کے عملے کے دو ارکان نے شدت پسندوں کو دیکھتے ہی گاڑی روک کر اس سے چھلانگ لگا دی اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، حملے میں 3 کنٹینر تباہ ہو گئے۔ واضح رہے کہ کنٹینرز افغانستان جا رہے تھے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔ حملہ آور پہاڑی علاقوں میں روپوش ہو گئے۔ واقعے کے بعد پاک افغان سرحد پر ٹریفک معطل ہو گئی۔ جیش اسامہ نامی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے ڈیوٹی پر معمول لیوی اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ 

مزیدخبریں