بھارتی انٹیلی جنس ادارے داعش کو پاکستان کیساتھ جوڑنے کیلئے اپنے میڈیا کو استعمال کر رہے ہیں، برطانوی اخبار

اسلام آباد (اے پی پی) برطانوی اخبار ’’دی انڈیپینڈنٹ‘‘ نے کہا ہے بھارتی انٹیلی جنس ادارے داعش کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کیلئے اپنے میڈیا کو بے بنیاد پراپیگنڈے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ بدھ کو اخبار کے ایک آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ بھارت عالمی میڈیا میں دراندازی کیلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہا ہے تاکہ داعش کو پاکستان کی انتہا پسند تنظیموں کے ساتھ جوڑ کر منفی تصور کی تشکیل کی جا سکے۔ بھارت نے پا کستان کے جوہری پروگرام کے تحفظ کے حوالے سے بھی دنیا میں منفی تصور اجاگر کرنے کی کوشش کی جو بھارت کے پاکستان مخالف ایجنڈے کیلئے دھوکہ ثابت ہوا۔ آرٹیکل کے مطابق بھارتی ہرزہ سرائی کے باوجود عالمی اداروں اور امریکا نے پاکستان کی جانب سے جوہری پروگرام کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا اور اس پر کسی قسم کی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے پر معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گئی تو بھارت کو سخت تکلیف پہنچی اور بھارت کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ہاتھ بھی اس کا خود اعترافی کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی چین کے ساتھ سٹرٹیجک تعاون میں اضافہ سے خطہ میں چین کا اثرورسوخ مضبوط ہونے کا امکان ہے اور بھارت خطہ میں چین کی بالادستی کے تدارک کیلئے بھی تمام ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا ایک اور مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو سبوتاژ کرنا بھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن