سری نگر (اے این این+کے پی آئی) بھارتی ایجنٹوں کی فائرنگ سے شہید حریت کارکن کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ علی گیلانی نے کہا ہے کہ شیخ الطاف کی شہادت بھارتی ایجنسیوں کی کارستانی ہے۔ گیلانی کی ہدایت پر حریت وفد نے شیخ الطاف کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کی نئی حکومت آر ایس ایس ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور اس نے جموں کشمیر میں ایک منصوبہ بند طریقے پر لوگوں کو قتل کرنے کا ایک بھیانک منصوبہ بنایا ہے، وہ اپنی ملٹری مائیٹ کے ذریعے سے تحریکِ آزادی کشمیر کو دبانا چاہتی ہے۔ ادھر میرواعظ عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس کے ترجمان نے الطاف احمد شیخ کو نا معلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے لوگوں کا قتل چاہے جہاں بھی ہو اور جس صورت میں بھی ہو، ہر لحاظ سے ایک قابل مذمت فعل ہے۔ دوسری جانب پہلگام اورگلمرگ کی میونسپلٹیوں کو تحلیل کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سرکاری ملازمین کے سیکرٹریٹ مارچ کو طاقت سے ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس نے کئی لیڈروں سمیت بیسیوں ملازمین کو گرفتار کیا جبکہ بدشاہ پل پر پولیس نے ملازمین پر لاٹھی چارج کیا۔متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ صلاح الدین نے کہا ہے کہ سوپور میں شیخ الطاف کا قتل بھارتی ایجنسیوں کی مذموم اور بزدلانہ حرکت ہے ۔ حزب المجاہدین ان کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے ترجمان نے کہا مودی حکومت میں بھارتی اقلیتوں پر حملے بڑھے ہیں۔ وائس آف و کشمیر کے مطابق کالے قانون افسا کی منسوخی کے لئے بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی حیران کن ہے۔ بارہمولہ جیل میں بھوک ہڑتال کرنیوالے 6 قیدی بیہوش، ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ اب غیرکشمیری ہندو سرپنچوں کے پرمٹ پر بھارتی فوج میں بھرتی ہو سکیں گے۔اے پی پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع ریاسی میں بھارتی فوج کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار منوج کمار نے خود کشی کر لی ہے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ تاجکستان میں ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھانے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر: حریت کارکن کے قتل کے خلاف ہڑتال، پولیس نے سرکاری ملازمین کا ’’مارچ‘‘ ناکام بنا دیا
Jun 11, 2015