لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) دورہ انگلینڈ سے قبل پاکستان ویمن کرکٹرز کے ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی، بسمہ معروف سپر فٹ قرار پائیں جبکہ 6 خواتین کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹرز کا سال میں تین مرتبہ فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ کی مختلف کیٹگریز میں شامل کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ سے قبل کون کتنا فٹ ہے جانچنے کے لیے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیا جس میں مختصر فارمیٹ کی کپتان بسمہ معروف سب سے سپر فٹ کھلاڑی قرار پائیں جبکہ ون ڈے کی کپتان ثنا میر، سدرہ نواز، کائنات امتیاز، سدرہ امین کی فٹنس متاثر کن رہی۔ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ندا راشد، سماویہ اقبال، ثانہ اقبال، نین عابدی نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ماہم طارق، ایمن انور، ارم جاوید، انم امین، عالیہ ریاض اور منیبہ علی فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہیں جنہیں پی سی بی کی جانب سے وارننگ جاری کر دی گئی ہے کہ اگر فٹنس معیار کو بہتر نہ کیا گیا تو سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ بورڈ کی جانب سے جویریہ ودود، ناہیدہ بی بی، سعدیہ یوسف، رابعہ شاہ اور عائشہ ظفر کو فٹنس بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ مرد کرکٹرز کی طرح ویمنز کرکٹرز کے بھی فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے اور یہ سال میں تین مرتبہ ہوا کرینگے جن کی بنیاد پر ان کے سالانہ سنٹرل کنٹریکٹ میں ردو بدل ہوا کرئے گا۔