لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) رمضان المبارک میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، کئی شہروں میں سحر و افطار کے موقع پر بجلی بند رہی جس کے باعث روزہ دار بلبلا اٹھے جبکہ گزشتہ روز گرمی کا سلسلہ بھی جاری رہا جس سے لوگ نڈھال ہوگئے۔ حافظ آباد میں کئی افراد بیہوش ہو گئے جبکہ رات کے وقت لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا‘ لاہور میں آندھی کے باعث 80 فیڈر ٹرپ گئے۔ ملکوال میں بجلی کی طویل بندش کیخلاف شہریوں نے گیپکو آفس گوجرہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مین شاہراہ کو بلاک کرکے شدید نعرے بازی کی۔ نارنگ منڈی میں سوئی گیس کی بندش کیخلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ شیخوپورہ میں بھی لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور چک حافظ آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ساہوکا سے نامہ نگار کے مطابق سحر و افطار اور نماز تراویح کے اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث روزہ داروں کو سحر وافطار، نماز تراویح اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران شدید دشواری کا سامنا رہا کئی نمازی گرمی اور حبس سے نڈھال ہوئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سورج قہر برساتا رہا، بجلی کی طویل ترین بندش اور شدید گرمی سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے، مساجد اور گھروں میں پانی ناپید ہ گیا، روزہ داروں اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران شہریوں کو انتہائی مشکلات کا سامنارہا۔ مزید برآں رمضان المبارک میں سحری وافطاری اور نماز تراویح کے اوقات میں بجلی بند نہ کرنے کے تمام حکومتی دعوے بوگس ثابت ہو ئے۔ دریں اثناء حافظ آباد شہر میں علی پور روڈ، کشمیر نگر اور علی ٹائون کے علاقوں میں گذشتہ روز مرمت کے نام پر دن بھر بجلی بند رکھی گئی جس پر علاقہ مکین گیپکو کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے شدید نعرہ بازی بھی کی۔ نارنگ منڈی نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی میںجمعہ کے روزبھی سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجا ج بن گئے تاجر برادری نے شٹرڈائون کرنے کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ این این آئی کے مطابق لاہور میں شدید آندھی کے باعث 80 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شہر میں تیز آندھی کے باعث فیڈر ٹرپ ہونے سے غازی روڈ‘ کوٹ لکھپت‘ باٹاپور‘ بادامی باغ‘ تاج باغ‘ گلشن راوی‘ سمن آباد‘ گرین ٹائون‘ اچھرہ‘ نشتر کالونی سمیت متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ بچیانہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بچیانہ میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے روزہ داروں کی چیخیں نکلوا دیں۔ سحری و افطار اور تراویح و جمعہ کی نماز کے اوقات میں بھی بجلی بند رہنے لگی۔ بجلی کی بار بار آنکھ مچولی کے باعث روزہ دار بھی بلبلا اٹھے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی میں غیراعلانیہ بجلی کی بندش سے شہری بلبلا اٹھے۔ سحر‘ افطار و تراویح کے دوران بھی لوڈشیڈنگ جاری رہی۔ شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق جمعہ کے وقت بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سحری افطاری اور تراویح کے اوقات کے دوران بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے خلاف ہائوسنگ کالونی میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ عبدالمالک اور رچنا ٹائون میں طویل لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق سحری اور افطار‘ تراویح اور نماز کے اوقات کے دوران بھی بجلی بند رہی۔ رات 12بجے کی گئی بجلی صبح 7بجے بحال کی گئی۔ گرمی کے باعث مختلف مساجد میں متعدد نمازی بیہوش ہو گئے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہوگئے۔ سحر و افطار اور جمعۃ المبارک کے دوران بھی بجلی غائب رہی۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق رمضان المبارک میں بجلی اور سوئی گیس کی بدترین لوڈشڈنگ کے باعث خواتین کیلئے امور خانہ داری کی انجام دہی مشکل ہو گئی اور وہ سراپا احتجاج بن گئیں۔ خواتین نے احتجاجی جلوس نکالنے کی دھمکی دے دی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں رات کے وقت آندھی کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں کمی آ گئی جبکہ فیصل آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئیں۔ لاہور اور گردونواح میں گردآلود ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ گجرات‘ شیخوپورہ‘ جھنگ‘ سرگودھا‘ بہاولنگر‘ اٹک‘ دیپالپور‘ اوکاڑہ‘ ننکانہ صاحب‘ جہلم‘ بھلوال‘ منڈی بہاء الدین‘ پھالیہ‘ مری‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ باغ آزاد کشمیر‘ کوٹلی ستیاں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا‘ کئی علاقوں میں آندھی و بارش سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی‘ کئی سائن بورڈ اور درخت گر گئے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق آندھی اور بارش کے دوران ایک دیوار گرنے سے 5افراد زخمی ہو گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ کے مطابق مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا جبکہ بیشتر علاقے دن بھر تیز ہوائوںاور سورج کی لپیٹ میں رہے وحدت کالونی‘ فرید ٹائون سمیت دیگر علا قوں میں دن بھر سخت گرمی رہی تاہم نماز جمعہ کے وقت تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے ان علا قوں میں مو سم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے مون سون (جولائی، اگست، ستمبر) کے دوران ملک میں 10 سے20 فیصد معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور‘ فیصل آباد اور ملتان میں مزید بارش کا امکان ہے تاہم آئندہ ہفتے تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
لوڈشیڈنگ/ آندھی‘ بارش