کراچی (نیوز رپورٹر)جمعیت علماءاسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ پیمراعبادت کے نام پر فحاشی کے سیلاب کو روکے۔رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر اسلامی اقدار کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔رمضان المبارک کی ٹرانسمیشن میں چینلز نے رمضان کو ایک تہوار کے طور پر پیش کرنا شروع کردیا ہے۔ مقدس ماہ میں ٹرانسمیشن کے نام پر مرد و زن کی مخلوط محافل مضحکہ خیز حرکتیں اور پھر دینی شعائر کا مذاق عذاب خداوندی کو دعوت دینا ہے۔ پیمرا اور متعلقہ اداروں کی خاموشی شرمناک اور کسی المیہ سے کم نہیں ۔ حکومت رمضان آرڈینینس پر سختی سے عمل درآمد کرائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد سبحانی شیرشاہ میں جے یو آئی شیرشاہ کے امیر عزیز الرحمن عزیز کے صاحبزادے مولانا محمد امین کے 14 روزہ تراویح میں ختم قرآن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ ریٹنگ کے چکر میں بد تہذیبی اور بے شرمی کی تمام حدیں پار کی جا رہی ہیں۔اسلام کی آفاقی تصویر کو مسخ کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔رمضان ٹرانسمیشن کے ذریعے رمضان آرڈیننس کا شیرازہ بکھیر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ان بابرکت ساعات اور مقدس گھڑیوں میں اسلام مخالف اور حیا ءباختہ افعال عذاب الہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔