پیرس (اے پی پی) لٹویا کی سٹار کھلاڑی جلینا اوسٹا پینکو نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگل ٹائٹل جیت لیا، جلینا فرنچ اوپن گرینڈ سلام جیتنے والی لٹویا کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 84 برس بعد فرنچ اوپن جیتنے والی پہلی ان سیڈڈ کھلاڑی کا اعزاز بھی پا لیا ہے، اس سے قبل 1933ءمیں ان سیڈڈ کھلاڑی نے فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتا تھ، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں سیمونا ہالپ کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 2-1 سیٹس سے زیر کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ فرانس میں منعقدہ سال کے دوسرے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ہفتے کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں جلینا اور رومانیہ کی ہالپ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے جلینا کا ساتھ دیا اور انہوں نے ہالپ کو 2-1 سیٹس سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، ہالپ نے پہلے سیٹ میں جلینا کو 6-4 سے شکست دی لیکن جلینا نے ہمت نہ ہاری اور انہوں نے مسلسل اگلے دونوں سیٹس 6-4 اور 6-3 سے جیت کر ٹائٹل حاصل کیا۔
جلینا اوسٹا پینکو فرنچ اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیتنے والی لٹویا کی پہلی کھلاڑی بن گئیں
Jun 11, 2017