مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز نے ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا‘ فوجی گاڑیوں پر حملہ‘ فائرنگ سے شہری زخمی

Jun 11, 2017

سرینگر(آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا۔ فوجیوںنے نوجوان کو ضلع کے علاقے گریز میں پر تشدد آپریشن کے دوران شہید کیا۔دونوں مقامات پر بھارتی فوج کا آپریشن تاحال جاری ہے۔ ضلع اسلام آباد میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نامعلوم افراد نے ضلع کے علاقے وسو میںبھارتی فوج کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا جس دوران فوجیوں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شہری زخمی ہو گیا۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے حملے کے فوراً بعد علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاشی شروع کر دی۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہم تنازعہ کشمیر کا لوگوں کی خواہشات کے مطابق ایک پرامن اور پائیدار حل چاہتے ہیں جبکہ بھارت افہام و تفہیم کے بجائے طاقت اور فوجی فورس کے ذریعے سے لوگوں کی آواز کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہا بھارتی تحقیقاتی ادارے’’ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ‘‘کی طرف سے کشمیری مزاحمتی رہنمائوں اور تاجروں کے گھروں پر چھاپوں، تحریک آزادی کے خلاف بھارتی الیکٹرانک میڈیا کے شرانگریز پروپیگنڈے کے خلاف اور طالب علم فاروق عادل ماگرے کی شہادت پر مکمل ہڑتال اور زبردست احتجاجی مظاہروں کے ذریعے کشمیریوں نے ایک مرتبہ پھر تحریک آزادی کے ساتھ مکمل وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ دختران ملت نے کہا قابض انتظامیہ پارٹی سربراہ آسیہ اندرانی اور ان کی ساتھی فہمیدہ صوفی کو جموں خطے کی امپھالہ جیل سے سرینگر منتقل نہ کرکے ہائیکورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑا رہی ہیں، عالمی برادری نوٹس لے۔

مزیدخبریں