وزارت ہاؤسنگ کی دو کاریں لاپتہ ہونے کی خبروں سے کھلبلی مچ گئی

Jun 11, 2017

اسلام آباد (عترت جعفری) وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور اس کے ذیلی ادارے پاک پی ڈبلیو ڈی کی دو کاریں لاپتہ ہونے سے کھلبلی مچ گئی۔ تلاش بسیار کے بعد معلوم ہوا کہ دونوں کاریں کسی وقت میں وزارت ہاؤسنگ میں کام کرنے والے سینئر جائنٹ سیکرٹری تبادلہ کے بعد اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد انہوں نے ایک کار واپس کر دی جبکہ دوسری اب تک ان کے زیراستعمال ہے۔ اس وقت وفاقی حکومت کے کاروں کے متعلق جو قواعد نافذ ہیں ان کے تحت گریڈ 20 سے 22 تک کے افسروں کو کار کی سہولت نقد رقم میں دی جاتی ہے۔ جو 95 ہزار روپے ماہانہ تک ہے۔ کوئی بھی افسر محکمانہ یا فیلڈ گاڑی کو استعمال نہیں کر سکتا۔ وزارت ہاؤسنگ کی دو گاڑیاں جی اے 922 اور ایل ای جی 2142 غائب پائی گئیں۔ جن کی تلاش شروع ہوئی تو معلوم ہوا کہ ایک سینئر جائنٹ سیکرٹری جو مذکورہ وزارت سے تبدیل ہو کر وزارت صنعت و پیداوار میں چلے گئے ہیں۔ 6 فروری 2017 ء کو تبادلہ کے وقت دونوں گاڑیاں استعمال کے لئے ہمراہ لے گئے۔ جب وہ ہاوسنگ کی وزارت میں تھے تو یہ گاڑیاں ان کے استعمال میں تھیں۔ ان سے رابطہ قائم کیا گیا تو مذکورہ افسر نے چند ماہ کے بعد ایک گاڑی جی اے 922 وزارت ہاؤسنگ کو واپس کر دی ہے جبکہ دوسری کار جو پاک پی ڈبلیو ڈی کی ملکیت ہے اب بھی واپس نہیں کی۔ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وزارت صنعت و پیداوار میں تعینات مذکورہ افسر کو خط لکھا ہے اور ان کو ’’درخواست‘‘ کی ہے کہ وہ دوسری کار نمبر ایل ای جی 2142 وزارت کو واپس کر دیں۔

مزیدخبریں