اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی وزیر مملکت اطلاعات ونشریات کی والدہ طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب بچپن میں بہت ذہین اور شرارتی بچی تھی۔ مجھے صدر ایوب خان بہت پسند تھے‘ میر ے کالج کے دنوں میں ایوب خان کیخلاف ہڑتالیں ہوئی تھیں مگر میں نے ان میں حصہ نہیں لیا تھا۔ بعدازاں ہاسٹل میں میرے ساتھ والے کمرے میں رہنے والی ایک لڑکی اغوا ہوئی تو ہم نے ہڑتالوں میں حصہ لینا شروع کردیا اور لڑکی کو بازیاب کروایا۔ یہاں سے میرے سیاسی کیریئر کا آغاز ہوا۔ اس وقت جاوید ہاشمی بھی ہمارے ساتھ ہڑتالیں کیا کرتے تھے۔ سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں ہلکی پھلکی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مجھے فلمیں دیکھنا اور ناول پڑھنا پسند ہے۔ میں نے اپنی سرکاری مصروفیات کے باوجود کبھی بھی اپنے بچوں کو نظرانداز نہیں کیا بلکہ ان کا پورا خیال رکھا۔ سیاست بھی ہمیشہ عبادت سمجھ کر کی ہے۔ بیگم کلثوم نواز سے میرا گہرا تعلق ہے۔ میری تمام سیاسی پارٹیوں میں دوستیاں ہیں۔