ملتان/ مظفرگڑھ (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی ضمانت بعد از گرفتاری کیلئے 3 مختلف عدالتوں میں درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی سماعت کے بعد عدالتوں نے پولیس سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ تھانہ سٹی کے 2015ء کے قتل کے مقدمہ میں ایڈیشنل سیشن جج ارشد انجم نے سماعت 15 جون جبکہ تھانہ سٹی کے 2 مزید مقدمات میں علاقہ مجسٹریٹ نعیم بخش نے ضمانت بعد از گرفتاری کیس کی، تھانہ قریشی کے نہر زبردستی کھولنے کے مقدمہ میں علاقہ مجسٹریٹ تسمیہ نوشین نے ضمانت بعد از گرفتاری کیس میں بھی سماعت 12 جون تک ملتوی کردی۔ جبکہ ادھر سرائیکی صوبہ موومنٹ اور سرائیکستان قومی کونسل اور عوام راج پارٹی کے زیر اہتمام جمشید دستی کی گرفتاری کے خلاف چوک نواں شہر پر مظاہرہ کیا گیا۔ اور مظاہرین نے جمشید دستی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مظفر گڑھ میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کہا جمشید دستی کو مزید مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر کی مرکزی شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔