سمندری آلودگی روکنے کے لئے ملکر کام کرنا ہو گا‘ پیرس معاہدے پر موثر عملدرآمد کی ضرورت ہے: ملیحہ لودھی

Jun 11, 2017

نیویارک (این این آئی) پاکستان نے کہاہے کہ سمندری آلودگی ، تیزابیت اور قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال سے ہمیں زندگی دینے والے پانی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ٗ پوری دنیا کو سمندری آلودگی روکنے کیلئے اکٹھے مل کر اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل سفیر ملیحہ لودھی نے نیو یارک میں سمندروں کے بارے میں اعلیٰ سطحی کانفرنس میں بتایا ہم نے سمندروں کو بہتر اور صحت مند بنانے کا پختہ عزم اور تہیہ کر رکھا ہے کیونکہ سمندر انسانیت کا اجتماعی ورثہ ہوتے ہیں تاہم یہ اہم ترین وسیلہ ناگفتہ بہ حالت میں اور خطرات سے دو چار ہے۔ملیحہ لودھی نے کہا پاکستان نے ملک میں سمندروں بارے تحقیق کے کام کی ذمہ داری کیلئے قومی استعداد کو مضبوط بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں تاکہ سمندروں سے متعلق معلومات میںاضافہ کیا جا سکے ۔ جس سے حیاتیاتی تنوع اور سمندروں کی حالت زار میں بہتری لانے میں مدد ملے گی اور اس سے پیدا وار میں اضافہ ہونے سے فوڈ سیکورٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ملیحہ لودھی نے کہا یہ بات بڑی حوصلہ افزا ہے کہ سمندری آلودگی کے خاتمہ کیلئے بڑے اعلیٰ پیمانے پر دلچسپی لی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا سمندری صحت اور بہتری کا براہ راست تعلق موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے ہے اور اس حقیقی عالمی مسئلہ پر قابو پانے کیلئے پیرس معاہدے پر بھی موثر طور پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے ۔

مزیدخبریں