لاہور(خبرنگار+نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی صرف سیاسی جماعت نہیں ایک سیاسی خاندان ہے۔ پی پی واحد نظریاتی پارٹی ہے جس میں شہیدوں کا لہو شامل ہے۔ اکیلا بھی ہوا تو ملک اور جمہوریت کیلئے کھڑا ہوں گا۔ بلاول ہائوس لاہور میں سرگودھا ڈویژن کے رہنمائوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاید اس وقت پارٹی مشکل میں ہے لیکن جیالے ساتھ ہیں۔ پارٹی میں شہیدوں کا خون ہے جعلی شیروں کے خلاف لڑیں گے کاغذی شیر اور جعلی کھلاڑی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ جیالوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو ڈکٹیٹر شپ کے خلاف لڑے۔ ہماری مضبوط تنظیم سازی پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ عیدالفطر کے بعد حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے ۔ عید کے بعد پنجاب کے شہر شہر جائوں گا۔ ہار جیت کا علم اللہ کو ہے لیکن عوام کیلئے ہر حد تک جائوں گا ملک کے عوام اور جمہوریت کیلئے ہر حال میں جدوجہد جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق ، مشرف اور القاعدہ کا مقابلہ کیا۔ کاغذی شیر اور جعلی کھلاڑی ہمارا کیا مقابلہ کریں گے ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد، قائم مقام سیکرٹری جنرل عثمان سلیم ملک، سیکرٹری اطلاعات پنجاب مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو کی طرف سے ایک ہزار سے زائد جیالوں کے اعزاز میں آج لاہور میں رائل پام کنٹری کلب میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کاغذی شیر جعلی کھلاڑی ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے عید کے بعد حکومت کوٹف ٹائم دینگے:بلاول
Jun 11, 2017