کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی ، ضلع شرقی کے صدر اقبال سانداور کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی مثال کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی مترادف ہے ۔ 3دہائیوں سے کراچی میں براجمان متحدہ نے کراچی کو تباہ وبرباد کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ کراچی کے باشعور عوام جانتی ہے کہ کس طرح کراچی کے اداروں پر ایم کیو ایم نے قبضہ کر رکھا ہے اور بلیک میلنگ اور لوٹ مار کی سیاست کا بازار گرم کر رکھا ہے اور نہ کام کرتے ہیں اور نہ کرنے دیتے ہے کی پالیسی پر گامزن ہے کیونکہ ایم کیو ایم کراچی کی ترقی اور عوام کی خدمت کے بجائے دہشت گردی، بھتہ خوری اور لاقانونیت کی سیاست کو فروغ دیتی ہے ۔ ایم کیو ایم کو کراچی کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے زیادہ اپنی ترقی اور اپنی ذات کی خوشحالی عزیز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے ادوار میں بے شمار ترقیاتی کام کئے جس میں کچھ پایہ تکمیل پر ہیں مگر ایم کیو ایم نے اس ترقی میں ساتھ دینے کے بجائے ہمیشہ روڑے اٹکائے اور کراچی کی تعمیروترقی کے اڑے آتے رہے مگر اس کے باوجود پی پی پی کی سندھ گورنمنٹ نے کراچی کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بے مثال کام کئے جس سے کراچی کی رونقوں میں اضافہ ہوا اور جولائی میں ہونے والے الیکشن میں عوام اس ترقی کا جواب ووٹ کی طاقت سے دیگی۔