لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی 31مئی کو مدت پوری کرکے ختم ہونے والی حکومت کے تمام سابق وزراءاور عہدےداروں نے سرکاری گاڑیاں اور سکیورٹی کا عملہ واپس کردیا ہے‘ سب سے پہلے سرکاری گاڑی مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے واپس کی‘ وزراءکی طرف سے واپس کی جانے والی گاڑیوں میں بلٹ پروف اور لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق 31مئی کو حکومت کی مدت پوری ہوتے ہی کابینہ ڈویژن کو سابق وفاقی وزراء‘ وزراءمملکت اور حکومتی مشیروں نے گاڑیاں واپس کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ سب سے پہلے مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے گاڑی واپس کی جبکہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال وزارت داخلہ کی بلٹ پروف گاڑی استعمال کررہے تھے جو انہوں نے 31مئی کو ہی وزارت داخلہ کو واپس کردی۔ کابینہ ڈویژن کو موصول ہونے والی گاڑیوں میں اٹھارہ سو سی سی کاروں سمیت پانچ ہزار سی سی تک گاڑیاں شامل ہیں۔ دوسری طرف سکیورٹی کے لئے جو گاڑیاں سابق حکومتی عہدیدار استعمال کررہے تھے وہ بھی سکیورٹی ڈویژن کو واپس کردی گئی ہیں۔
گاڑیاں
سابق لیگی وزراءاور عہدےداروں نے سرکاری گاڑیاں اور سکیورٹی عملہ واپس کردیا
Jun 11, 2018