اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت نے بلیک اکانومی کا حجم کم کرنے، آمدنی چھپانے والوں اورٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کے لیے یکم جولائی سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کے ڈیٹا تک رسائی دے دی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے میڈیا کو بتایا کہ فنانس ایکٹ 2018 کے تحت ایف بی آر کو قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والے امیر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کے ڈیٹا تک رسائی دی گئی ہے جس کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 216 میں نئی ذیلی شق شامل کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اور براڈننگ آف ٹیکس بیس کے لیے (نادرا) کے ڈیٹا تک ایف بی آر کو رسائی حاصل ہوگی۔ وفاقی حکومت نے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز کو نیشنل ٹیکس نمبر قرار دے دیا ہے اور ایف بی آر کو نادرا کے ڈیٹا تک رسائی دینے کا مقصد لوگوں کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ان کی ٹرانزکشنز کا سراغ لگاکر انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جو لوگ بھاری ٹرانزکشن کے حامل پائے جائیں گے تو انہیں انکم ٹیکس میں لازمی رجسٹریشن کے قانون کے تحت رجسٹرڈ کرلیا جائے گا اور انکم ٹیکس میں لازمی رجسٹریشن کے بعد انہیں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے آن لائن نوٹسز جاری ہوں گے۔وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ چندسال سے کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں آٹومیشن کو فروغ حاصل ہوا ہے اور بینک ٹرانزکشن کے ساتھ منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی لین دین، گاڑیوں کی بکنگ وخریداری ،بیرون ملک سفرسمیت دیگر اقسام کے لین دین میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز استعمال ہوتے ہیں اس لیے نادرا کے ڈیٹا بینک سے یہ تمام ریکارڈ چیک ہوسکے گا۔بلیک اکانومی کے حجم میں بھی کمی واقع ہوگی۔
ٹیکس چوروں‘ گھیرا