لاہور (سپورٹس ڈیسک )بنگلہ دیش نے فائنل میں اعصاب شکن مقاملے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ویمن ایشین ٹی ٹونٹی کپ 2018 پہلی بارجیت لیا۔بنگلہ دیش ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو مقررہ 20 اوورز میں 112 رنز تک محدود کیا۔بھارت کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور نے 42 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھالی راج اور کرشنا مورتی 11،11 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔بنگلہ دیشی باؤلرز میں خدیجۃالکبریٰ اور رومانہ احمد نے 2، 2 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں 6 مرتبہ کی ایشین چیمپئن بھارتی ویمن ٹیم نے بھی بہتر باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تاہم بنگلہ دیشی خواتین نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارت سے ایشین چیمپئن کا تاج چھین لیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے نگار سلطانہ 27 اور رومانہ احمد 24 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے پونم یادیو نے 4 بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رومانہ احمد میچ جبکہ ہرمن پریت کور سیریز کی بہترین پلیئر قرار پائیں۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ویمن ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی اور بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلی مرتبہ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزازا حاصل کیا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ تمام ایشین چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر پر سجانے والی بھارتی ویمن ٹیم کو پہلی مرتبہ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم بھی 2 مرتبہ ایشین ویمین چیمپیئن شپ کا فائنل کھیل چکی ہے،اور دونوں ہی مرتبہ بدقسمتی سے اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔