اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی کے سینیٹر سراج الحق نے ملک میں ڈیموکریسی کے بجائے لوٹا کریسی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیدواروں کے چناﺅ میں پارٹیوں کے ویژن کا پتہ چلتا ہے۔ موجودہ صورتحال کو دیکھ کر کوئی
نہیں کہہ سکتا کہ یہ پارٹیاں ملک میں تبدیلی چاہتی ہیں ۔ ملک کی سیاسی تباہی کی بنیادی وجہ مفاد پرستی کی یہی سیاست ہے ۔ متحدہ مجلس عمل نے امیدواروں کے چناﺅ اور حلقوں کے انتخاب میں عوام کی مرضی کو ترجیح دی ہے یہی وجہ ہے کہ ایم ایم اے اس مرحلے سے کامیابی کے ساتھ گزر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں لیاقت بلوچ اور میاں مقصود کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں پنجاب کی سطح پر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جن لوگوں نے قومی اداروں کو تباہ کیا، وسائل کو لوٹا اور بیرون ملک اثاثے بنائے، آج وہی لوگ دوبارہ پارٹیوں سے ٹکٹ لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس سے ان پارٹیوں کے مقاصد پوری طرح عیاں ہوگئے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ابھی تک نگران حکومتوں کی چال ڈھال بھی واضح نہیں ہے لیکن توقع یہی ہے کہ وہ ان دو ماہ میں اپنی مثالی کارکردگی سے آئندہ آنے والی حکومتوں کے لیے ایک اچھا ٹرینڈ سیٹ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومتیں اگر صاف و شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو یہ ملک و قوم پر ان کا بہت بڑا احسان ہوگا۔
سراج الحق