سپریم کورٹ وفاق کی علامت، پانی بحران حل کرائے: میاں مقصود

Jun 11, 2018

لاہور( خصوصی نامہ نگار)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے چیف جسٹس کے ریمارکس کہ’’سپریم کورٹ وفاق کی علامت ہے،چاہتے ہیں پانی بحران پرقابو پایاجائے‘‘پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاہے کہ آبی منصوبے ملک کی بقااور سلامتی وخوشحالی کے ضامن ہیں،یہ خواہ کسی بھی نام سے بنیں تعمیر ہونے چاہئیں۔آنے والے دنوں میں پانی بحران سنگین سے سنگین ترہوتانظر آرہا ہے۔اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ملک بنجراور عوام پانی کی بوند بوندکوترس جائیں گے۔پاکستان میں نئے ڈیموں کی تعمیر ازحدضروری ہے۔ماضی میں کالاباغ ڈیم بنانے کی بجائے حکومتوں نے محض اپنی سیاست چمکائی۔کالاباغ ڈیم کانام پاکستان ڈیم رکھ لیاجائے یا کوئی اور اس معاملے کواب حل ہونا چاہئے۔ملک میں چھوٹے بڑے نئے ڈیم بنانے میں سنجیدگی دکھائی جائے تاکہ مستقبل میں پانی کے بحران سے صحیح طریقے سے نمٹاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کالاباغ ڈیم جیسے قومی مفادکے منصوبے کو سیاسی بنادیا گیا۔ہر سال اربوں روپے کاپانی محض اس لیے سمندربردہوجاتاہے کہ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ذخائر انتہائی کم ہیں اور جوموجود ہیں ان کی استطاعت چند دنوں سے زیادہ کی نہیں۔کالاباغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے منصوبے مکمل ہونے چاہئیں،ان سے جہاں ایک طرف ملک وقوم کو سستی بجلی میسر آئے گی،لاکھوں ایکڑبنجرزمین کوقابل کاشت بنایاجاسکے گا وہاں دوسری طرف لاکھوں روزگارکے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

مزیدخبریں