لاہور(خصوصی نامہ نگار) لاہورمیں لیلۃ القدررمضان المبارک کا اجتماع آج تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں ہوگا،ہزاروں افراد شرکت کریں گے، مناجات کی عظیم محفل منعقد ہوگی ،جس میں عبادات ، تلاوت ، ذکر واذکار و نوافل و محفل شبینہ کا انعقادہوگا۔ مولانا سیدعبد الخبیر آزادایک بجے رات اللہ تعالیٰ کے حضوراجتماعی توبہ و استغفار و رجوع الی اللہ اورامت مسلمہ کو درپیش مسائل ،وحدت و اتحاد امن و سلامتی، وطن عزیز پاکستان کے استحکام کیلئے خصوصی اجتماعی دعا ء کرائیں گے۔تاریخی عالمگیری باد شاہی مسجد میں ختم قرآن کریم کی محفل بعد نماز تراویح ساڑھے دس بجے رات ہوگی ،جس میں سیکرٹری اوقاف اعجاز احمد ، ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ،علماء کرام شرکت کریں گے ،خطیب امام باد شاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد اس خصوصی پرو گرام میں خطاب کریں گے۔
ستائیسویں شب کا اجتماع آج بادشاہی مسجد میں ہوگا
Jun 11, 2018