گوجرانوالہ (این این آئی)گوجرانوالہ میں سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد شہریوں کو اغوا کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے ٗ پولیس نے گروہ کے 2 کارندوں کو حراست میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا کیے گئے ایک شہری کو بازیاب کراتے ہوئے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ گرفتار ملزمان اس گروہ سے وابستہ ہیں جو سوشل میڈیا پر لڑکی بن کر شہریوں سے دوستی کرتے ہیں اور پھر انہیں ملاقات کے لیے بلا کر اغوا کرلیتے تھے۔ گرفتار ملزمان نے اپنی مذموم کارروائیوں کیلئے لڑکیوں کے نام سے سوشل میڈیا پر کئی اکاؤنٹ بنا رکھے تھے اور وہ اپنے دوستوں کو ملاقات کے بہانے بلا کر پہلے انہیں اغوا کرتے اور پھر مغویوں کے اہلخانہ سے بھاری تاوان وصول کرتے تھے۔