فورس نے  قابل اہلکاروں کی بھرتی کیلئے  ریکروٹمنٹ پالیسی کو مزید بہتر بنایا جائے،آئی جی

Jun 11, 2019

لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پولیس فورس میں بہتر اور قابل اہلکاروں کی بھرتی کیلئے فورس کی ریکروٹمنٹ پالیسی کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے اور تحریری امتحان میں کامیابی کے علاوہ انٹرویوسیشن کو مساوی اہمیت دیتے ہوئے نمبروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ٹریننگ کالجز میں بہترین تربیتی عمل سے گذار کر ماہر پروفیشنل پولیس آفیسر کے طور پر تیار کیا جائے جو عوام کی خدمت اور حفاظت کے فرائض پوری دلجمعی، لگن اور بھرپور محنت کے ساتھ سرانجام دیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پروموشن پالیسی کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں سینئر افسران تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات کو مکمل کرکے پیش کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںاعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹ ڈیسک سٹاف سمیت آئی ٹی سے شعبے سے وابستہ تمام سٹاف پنجاب پولیس کا انتہائی اہم حصہ ہیں لہذا ان کو مستقل کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کو بھجوائی گئی سمری کا باقاعدگی سے فالو اپ لیا جائے ۔ پولیس ٹریننگ کالجز اور سکولز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاری پروگرامز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اورلاہور میں انویسٹی گیشن سکول اور انفارمیشن اینڈ اینالیسز سکول کے حوالے سے ماسٹر پلان بنایا جائے۔علاوہ ازیں ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ٹاپ20بدمعاشوں کی بنائی گئی لسٹوں کے مطابق انکے خلاف فوری سخت کاروائیوں کا آغاز کیا جائے ۔ شہریوں بالخصوص کاروباری حضرات سے بھتہ مانگنے والے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں ۔

مزیدخبریں