فیروزوالہ +شیخوپورہ + گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) گھریلو کام ٹھیک نہ کر نے پر مالکہ نے 12سالہ ملازمہ کو مکان کی چھت سے دھکا دے کر ہلاک کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ خانپور کے رہائشی محنت کش محمد لطیف کی 12سالہ بیٹی نیلم لطیف گوجرانوالہ کینٹ میں ایک کوٹھی پر بطور ملازمہ کام کرتی تھی ، دوروز قبل گھریلو کام کے دوران کو ٹھی کی مالکہ نعیمہ بی بی نے بچی پر پہلے تشدد کیا بعد میں اسے مکان کی چھت سے دھکا دے کر نیچے پھینک دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی، جسے طبی امداد کے لیے لاہور ہسپتال داخل کروادیا گیا۔ یہاں وہ دم توڑ گئی۔ کینٹ پولیس گوجرانوالہ نے واقعہ کا مقدمہ در ج کر لیا۔ بچی کی لاش جب خانپور میں پہنچی تو ورثاء اور شہریوں نے بچی کی لاش سڑک پر رکھ کر لاہور شیخوپورہ روڈ بلاک کر دی۔ فیکٹری ایریا پولیس کے ایس ایچ او رائے عبدالحمید نے مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کروائی جس سے ٹریفک بحال ہو گئی۔