اسلام آباد(این این آئی )چینی سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ چین کا دنیا میں اگر کوئی مستقل اور بااعتماد دوست ہے تو پاکستان نمبر ون ہے،چین کے مابین تعلقات کی بنیاد باہمی انڈرسٹینڈنگ ہی ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری دوستی کا صرف ایک عکس ہے،چین ابھررہا ہے لیکن چین دنیا میں امن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، چین ترقی کررہا ہے چین چاہتا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی ترقی کریں۔ پیر کواسلام آباد میںکتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین دنیا کی ترقی میں کنٹریبیوٹ (حصہ ڈال رہا ہے)کررہا ہے کیونکہ ہمارے پاس وسائل ہیں ہم نے اصلاحات کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا ہے۔ چیئرمین سینٹ خارجہ کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوںکے مابین تعلقات اور دوستی ٹائم ٹسٹٹ ہیں،چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان اور چین کو آئرن برادرز قرار دیا تھا، شی جن پنگ کا روڈ اینڈ بیلٹ پرا جیکٹ اب ایک ویژن بن چکا ہے، سی پیک منصوبہ سے اب پاکستان اقتصادی حب بننے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کی جانب سے چین پر ٹیرف پابندیوں کو مسترد کرتا ہے، امریکی اقدامات ڈبلیو ٹی او کے سپرٹ کی خلاف ورزی ہے۔