ورلڈکپ: جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز میچ بارش کی نذر، بنگلہ دیش، سری لنکا آج مدمقابل

Jun 11, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ 2019ء کا پندرہواں میچ بارش کی نذر ہو گیا جس سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا۔ جنوبی افریقن ٹیم جسے اپنے پہلے تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پوائنٹس ٹیبل پر بغیر کسی پوائنٹ کے نویں نمبر پر موجود تھی نے اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کر کے بھی نویں نمبر پر ہی موجود رہے گی۔ دوسری جانب ورلڈ کپ میں اپنا تیسرا میچ کھیلنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ آج بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان بریسٹول میں کھیلے جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ڈھائی بجے کھیلا جائیگا۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان اب تک 45 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 36 میچز میں سری لنکا نے جبکہ 7 میچز میں بنگلہ دیش ٹیم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں اب تک تین تین میچز کھیل رکھے ہیں جن میں سے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ سری لنکن ٹیم کا پاکستان کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے اس کے پوائنٹس کی تعداد تین ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم کو تین میچوں میں سے دو میں شکست ہو چکی ہے اور دو پوائنٹس کے ساتھ پوائٹنس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

مزیدخبریں