اسلام آباد (آئی این پی ) سپریم کورٹ نے گنے کی رقم کی ادائیگی سے متعلق کیس میں شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹوز کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوگر ملز مالکان کو وارننگ د ی ہے کہ شوگر ملزمالکان اور چیف ایگزیکٹوز نے عدالتی احکامات کو مذاق سمجھ رکھا ہے ، اگر آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو انکے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائینگے،سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،کین کمشنرز ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور مل مالکان کوآئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شوگر ملوں کی جانب سے کسانوں کوگنے کی رقم کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔دوران سماعت شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹوز کی عدم پیشی پر عدالت برہم ہوگئی۔جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے گزشتہ سماعت پر تینوں شوگر ملز کے سی ای اوز کو طلب کیا تھا،شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹوز نے عدالتی احکامات کو مذاق سمجھا ہوا ہے۔ پتوکی، دریا خان اور برادرز شوگر ملز کے سی ای اوز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیتے ہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ کین کمشنر کیوں پیش نہیں ہوئے ان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہیں۔ کین کمشنر نہیں آسکتے شاید ان کے پیروں پر مہندی لگی ہوئی ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ فریقین کے وکلا عدالت میں تیاری کر کے ہی نہیں آتے۔دریا خان شوگر ملز کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دریا خان شوگر ملز کے مالک عمرہ پر ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔جسٹس عظمت سعید نے کہا عدالت جس کو بلاتی ہے وہ عمرہ پر چلا جاتا ہے،آئندہ جو پیش نہ ہوا اسکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔