حزب اختلاف کے رہنما کرتوتوں سے جیل میں، نیب خود مختار ہے: فردوس عاشق

Jun 11, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی شروعات کافی عرصہ قبل ہوئی۔ منی لانڈرنگ کیس میں 2015 ء میں پیش رفت ہوئی۔ 2018 ء میں زرداری سمیت کچھ بڑے نام منظر عام پر آئے۔ کیس میں تحقیقات سے پاپڑ‘ ریڑھی اور فالودے والوں کے بے نامی اکاؤنٹس سامنے آئے۔ زرداری نے نیب کی ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت نے انہیں پانچ مرتبہ عبوری ضمانت دی۔ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔ نیب بلاامتیاز احتساب کر رہا ہے۔ علیم خان کی مثال سب کے سامنے ہے۔ اطلاعات کے مطابق فریال تالپور کے معاملے پر خواتین کا تقدس ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ حکومت پائیدار اور مستحکم معیشت کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ چند اپوزیشن ارکان ملکی سلامتی جیسے معاملات پر سیاست کر رہے ہیں۔ فضل الرحمنٰ کو بطور مذہبی رہنما اسلام آباد کی بجائے اسلام پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے۔ ایک بیان میں فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم کا بیان جعلی اکاؤنٹس، ٹیکس چورں اور بے نامی داروں کے نام تھا،30 جون سے پہلے اپوزیشن کی چیخیں چور کی داڑھی میں تنکا کے مصداق ہے، اپوزیشن قائدین اور ترجمان کرپشن کنگز کی قصیدہ گوئی کرنے کے بجائے عوام کی چوکیداری کریں۔ نواز شریف اور زرداری نے قرضے بیرون ملک جائیدادیں بنانے کیلئے، عمران خان ان کے قرضوں کی ادائیگی کے لئے لے رہے ہیں۔ عوام، صنعت کاروں اور تاجروں سے اپیل ہے کہ وزیراعظم کے پیغام کا جواب اثاثے ظاہر کر کے دیں اور ٹیکس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ بنیں۔ اپوزیشن سے جب بھی کرپشن کی بات کریں تو وہ وزیراعظم کی ذات پر حملہ کر دیتے ہیں۔ ایک طرف اپوزیشن دعویٰ کرتی ہے کہ ہمارے منصوبے چوری کیے جارہے ہیں تو دوسری جانب انہی منصوبوں پر تنقید کرتی ہے۔ اپوزیشن سیاسی منافقت کا شکار ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی بنک اکائونٹس کیس منی لانڈرنگ وائٹ کالر کرائم کی کلاسک مثال ہے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کیس کی تحقیقات میں سست روی پر از خود نوٹس لیا۔ اپوزیشن اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے یہ لوگ بے قصور ہیں تو انہیں کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے ان لوگوں کو عدالتوں اور قانون کا سامنا کرنا چاہئے اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کوئی ہم سے سوال نہ پوچھے۔

مزیدخبریں