پاک بحریہ پاکستان کے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے: نیول چیف

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں، ان سے ہمیں من حیث القوم استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں کورس کے شرکااور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا اس دوران نیول چیف نے پاکستان نیوی سے متعلق اپنے وژن اور پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔نیول چیف نے کہا کہ ہم پاک بحریہ کو چاروں جہتوں میں ایک نا قابلِ تسخیر فورس بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ پاکستان کے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں جن سے ہمیں من حیث القوم استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا کہ وسائل کے حصول اور دنیا پر اپنی بالادستی قائم کرنے کے لئے ملکوں کے درمیان نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں۔نیول چیف نے کہا کہ پاکستان کے پاس بیش بہا بحری وسائل موجود ہیں اور انھیں استعمال کرکے ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے کورس کے شرکاکو تاکید کی کہ وہ اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے لئے رہنمائی اسلام اور نظریہ پاکستان سے حاصل کریں۔نیول چیف کا کہنا تھا کہ آفیسرز کو چاہئے کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ علم کو قرآن و سنت کی روشنی میں بروئے کارلاتے ہوئے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کریں۔

ای پیپر دی نیشن