لاہور (معین اظہر سے) ڈی جی خان میں تلور کی افزائش کے فارم کی جگہ پر سفاری پارک بنانے کی مخالفت محکمہ جنگلات نے بھی کر دی ہے۔ 1 ارب 75 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے اس سفاری پارک کے متعلق سیکرٹری جنگلات نے اعتراضات اٹھائے ہیں کہ آئندہ بجٹ میں اس منصوبے کو شامل کرنے سے پہلے دیکھا جائے کہ یہ جگہ ڈی جی خان سے کافی دور ہے۔ یہاں پر اتنی بڑی انوسٹمنٹ نہ کی جائے۔ سیکرٹری جنگلات نے کہا ہے کہ اس منصوبے پر انوسٹمنٹ سے پہلے فزیبلٹی تیار کی جائے، انتا بڑا منصوبہ مستقبل میں حکومت چلا بھی پائے گی کہ نہیں۔ تاہم وائلڈ لائف پارک ڈیپارٹمنٹ نے اپنے سیکرٹری کے اعتراضات کے جوابات دینے کے لئے منصوبہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کے لئے بھجوا دیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق پہلے ہی حکومت پنجاب سابق دور کے منصوبوں پر اعتراض کرتی رہی ہے کہ ان پر اتنی زیادہ رقم خرچ کر کے ان کو چلانے کے لئے بھی اربوں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ تو ڈی جی خان میں سفاری پارک کا منصوبہ شہر سے 11 کلومیٹر دور بنائے جانے پر کمرشل طور پر منصوبہ کامیاب ہو گا کہ نہیں۔ حکومت پنجاب نے ڈی جی خان سے 11 کلومیٹر دور ایک بین الاقوامی این جی او کو تلور کی افزائش کے لئے فارم بنانے کے لئے 500 ایکڑ جگہ فراہم کی تھی یہ جگہ چونکہ محکمہ جنگلات کی تھی۔ اب تلور کی افزائش کا منصوبہ روک کر اس جگہ پر سفاری پارک بنانے کی تجویز محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے دی گئی تھی۔ جس پر سیکرٹری جنگلات نے چند اعتراضات اٹھائے تھے تاہم ان اعتراضات کو حل کرنے کی بجائے دو سال میں یعنی 2020-21 اور 2021-22 کے بجٹ میں اس منصوبہ کے لئے 1 ارب 75 کروڑ سے منصوبہ شروع کرنے کے لئے فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں۔ جہاں پر ایک حصہ پر ہرن، چنکارہ ہرن، جبکہ دوسرے حصہ پر شیر، چیتے، دیگر جانوروں کا سفاری پارک بنایا جائے گا۔ سیکرٹری جنگلات نے کہا کہ کوئٹہ روڈ پر ڈی جی خان شہر سے تقریبا 11 سے 13 کلومیٹر دور یہ جگہ ہے۔ سفاری پارک بن جائے گا تو اس کی دیکھ بھال، اس کی مرمت، اس منصوبہ پر سینکڑوں ملازمین، جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹر، اور ٹیکنیکل سٹاف چاہئے ہو گا۔ کیا وہ اتنی دور اپنی تنخواہوں میں آجا سکیں گے یا نہیں۔ اس منصوبے کو جاری رکھنے پر کتنے اخراجات آئیں گے اور اس پر سے آمدن کتنی ہو گی۔ اس پر پہلے تفصیلی سروے ہونا چاہئے۔